لاہور( این این آئی)ریلوے کے سکیورٹی آڈٹ کی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریلویز پولیس کے کسی بھی ڈویژن میں بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار پورے نہیں،ملک بھر میں 24 بم ڈسپوزل اہلکاروں کی آسانیاں اور تعینات صرف 8 ہیں، تعداد پوری کرنے کیلئے 17 پولیس کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز کو تعینات کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کیلئے مختلف اداروں سے رضاکارانہ طور پر 32 اہلکار بھی لیے گئے، رضاکارانہ طور پر لیے گئے اہلکاروں کے پاس بم ناکارہ بنانے کی کوئی تربیت بھی نہیں، کسی دوسرے ادارے سے اہلکار لینے کی ریلوے قوانین اجازت ہی نہیں دیتے۔ترجمان ریلوے پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی کمی پر آئی جی ریلوے نے جواب جمع کرا دیا ہے، دیگر محکموں سے آئے افراد کو واپس بھیج دیا گیا ہے، بھرتیوں پر پابندی کی وجہ سے اہلکاروں کی تعداد پوری نہیں کرسکتے،بھرتیاں نہ ہونے پر لوگوں سے ڈبل شفٹ میں کام کرانے پر مجبور ہیں،۔