خاتون ڈاکٹر کا اجتماعی ریپ کے بعد قتل

نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں عصمت دری کے بعد زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کے قتل کے بعد شروع ہونے والا احتجاج متعدد شہروں میں پھیل گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے حکومتی عہدیداروں پر ملزمان کو سزا دینے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کرنے کا الزام عائد کردیا۔ ادھر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف نے بہتر اور محفوظ حالات کا مطالبہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ اجتماعی ریپ تھا اور پولیس حقائق کو بعض وجوہات کی وجہ سے پوشیدہ رکھے ہوئے ہے۔ مشرقی بھارت میں ایک میڈیکل کالج کے کیمپس میں سینکڑوں لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی، گاڑیوں پر حملہ کیا اور مریضوں کے وارڈوں میں توڑ پھوڑ کی۔

پولیس نے ہنگامہ آرائی کے پیچھے کون تھا اس کی شناخت نہیں کی لیکن میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔بھارت کے متعدد شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو معطل کردیا ہے کیونکہ مظاہرین نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ ایک اجتماعی عصمت دری کا معاملہ تھا اور اس میں مزید لوگ ملوث تھے۔