ٹوکیو : ( انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) جاپان میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی ، طوفان کے باعث باعث پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے مشرقی اور شمال مشرقی ساحلی علاقے کانتو اور توہوکُو کو طاقتور سمندری طوفان ٹائیفون ایمپل کا سامنا ہے، طوفان کی شدت بڑھتی جارہی ہے اور ہفتے کی شام تک ٹکرانے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ٹوکیو میں طوفانی ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، طوفان کے خطرے کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق طوفان کے پیشِ نظر بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، جس سے 2ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں، بجلی کی بندش سے ٹوکیو اور مرکزی شہر ناگویا کے درمیان چلنے والی تمام بلٹ ٹرین سروس بھی منسوخ کر دی گئی۔
خبرایجنسی کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ایمپل کو زیادہ طاقتور طوفان کا درجہ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے 19 ہزار رہائشیوں کے انخلا کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ شہری سمندر اور دریاؤں کی جانب جانے سے گریز کریں ۔