برطانیہ :پرتشدد مظاہروں کا حصہ بننے والے مزید 5افراد کو قید کا حکم

لندن 🙁 انٹرنیشنل ڈیسک ) برطانیہ میں پرتشدد مظاہروں کا حصہ بننے والے مزید 5افراد کو قید کی سزا سنا دی گئی۔ برطانیہ میں پرتشدد مظاہروں کا حصہ بننے اور تشدد پر اکسانے کے الزام پر سزاؤں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، نسل پرستانہ فسادات میں ملوث 53 سالہ خاتون سمیت پانچ افراد کو قید کی سزا سنادی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مسجد کو اڑانے کی پوسٹ لگانے پر 53 سالہ خاتون کو 15 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، برطانوی عدالتوں میں 26 سالہ کونر وائیٹلی اور 49 سالہ ٹریور لائیڈ کو بھی سزا سنائی گئی، ملزمان پر پرتشدد ہجوم کو بڑھاوا دینے کے الزامات پر 3-3 سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ 60سالہ گلین گیسٹ کو پولیس اہلکار کو گھسیٹنے کے جرم میں 2 سال 8 ماہ قید کی سزا ہوئی ،34سالہ ڈومینک کپالڈی کو برسٹل میں ہنگامہ آرائی پر 34 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تمام افراد کو 3 اگست کو برطانیہ میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں سزا کا سامنا ہے۔