ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیشی برطرف انٹیلی جنس چیف کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے طیارے سے گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برطرف کئے گئے بنگلہ دیشی انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیا الحسن کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے طیارے سے گرفتار کر کے ڈھاکہ چھاونی منتقل کردیا گیا ہے ۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکا ایئرپورٹ کے رن وے پر اڑان کیلئے تیار امارات کے طیارے کو ہنگامی طور پر رن وے سے واپس بورڈنگ برج لایا گیا اور تلاشی لی گئی،طیارے سے ایک مسافر کو حراست میں لے کر طیارے کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص میجر جنرل ضیاالحسن ہیں جو انٹیلی جنس چیف تھے جو وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔میجر جنرل ضیاالاحسن 2022ء سے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ اس کمپنی کے ڈائریکٹر تھے۔