ابوظہبی (این این آئی )بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ فورا ملک چھوڑ دیں اور جلد از جلدواپس آ جائیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سفارت خانے نے ایک بیان میں کہاکہ عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش میں رونما ہونے والے موجودہ واقعات کی روشنی میں ڈھاکہ میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ ملک میں موجود اپنے تمام شہریوں سے جلد از جلد متحدہ عرب امارات واپس آنے کی اپیل کرتا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ فسادات اور مظاہروں والے علاقوں میں مت جائیں اور پرہجوم جگہوں سے گریز کریں۔بنگلہ دیش اس وقت سے مظاہروں اور تشدد کی لپیٹ میں ہے جب جولائی میں سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹے کے خلاف طلبا کے پرامن احتجاجی مظاہروں نے ایک کشیدہ اور پرتشدد صورت اختیار کر لی اور ملک کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کی وجہ بن گئے۔