ڈھاکا: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں حلف اٹھا لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر محمد شہاب الدین نے 15 رکنی عبوری کابینہ سے حلف لیا، بنگلہ دیش میں 17 سال بعد عبوری حکومت بننے جا رہی ہے، بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے اعلان کیا تھا کہ عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری جمعرات کی شام 8 بجے منعقد ہوگی۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد یونس آج دوپہر ڈھاکہ پہنچے تھے، بنگلہ دیش واپسی سے ایک دن قبل محمد یونس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نہایت دلسوزی سے ہرایک سے کہتا ہوں کہ پُرسکون رہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہر قسم کے تشدد سے دور رہیں، صبر کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں، اگر ہم نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ہر شے تباہ ہو جائے گی۔