کراچی(این این آئی) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان جاری اور دن کے اختتام پر 6 پیسے اضافے کے بعد 278روپے 68 پیسے کی سطح پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ماہرین نے بتایاکہ عالمی مالیاتی ادارہ(آئی ایم ایف)کے نئے قرض کی منظوری پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے)کی نجکاری سے مشروط ہے لیکن 5 مختلف کمپنیوں کی اظہار دلچسپی کے باوجود قومی ائیر لائن کی نج کاری کے عمل میں تاخیر کے خدشات پائے جا رہے۔
انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری میں بھی تاخیر ہو یہی وجہ ہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں معیشت کے مختلف شعبوں کی طلب میں اضافے سے ڈالر کی قدر میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کی قدر ایک موقع پر 13 پیسے کے اضافے سے 278روپے 75پیسے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 6 پیسے کے اضافے سے 278روپے 68پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔دوسری طرف اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280 روپے 40پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔