اسلام آباد(این این آئی) وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔برینٹ خام تیل 79 ڈالر فی بیرل کی سطح پر دیکھی گئی جبکہ فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت دو ڈالر 12 سینٹس ہوگئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی چین کی معیشت میں سست روی کے خدشات پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے تخمینے کے مطابق یکم اگست 2024 سے لاگو ہونے سے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 11.50 روپے سستا ہوسکتا ہے۔مزید برآں، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل بھی بالترتیب 6.10 روپے فی لیٹر اور 5.50 روپے فی لیٹر کی قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے۔
ایندھن کی متوقع کم قیمتیں بین الاقوامی تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ ہوگی۔گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی اوسط قیمت $89.50 سے کم ہوکر $87.50 فی بیرل ہوگئی ہے، جبکہ ڈیزل $96.93 سے گھٹ کر $94 فی بیرل ہوگئی ہے۔مزید برآں، پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر درآمدی پریمیم میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 269.60 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ حکومت نے 15 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 275 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔ یکم مئی سے 15 جون کے درمیان دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں بالترتیب 35 روپے اور 22 روپے فی لیٹر کی کمی ہوئی تھی۔