غزہ پر اسرائیل کے زمینی اور فضائی حملے جاری، مزید 37 فلسطینی شہید، 73 زخمی

غزہ: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کمی نہ آسکی، زمینی اور فضائی حملے جاری رہے، 24 گھنٹے میں 37 فلسطینی شہید اور 73 افراد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ پر صیہونی حملے میں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، اسرائیل کے خان یونس میں 4 روزہ آپریشن میں 300 فلسطینی شہید ہوئے، حملوں میں 320 گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

عرب میڈیا نے مزید بتایا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں 39 ہزار400 فلسطینی شہید اور 90 ہزار 996 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق غزہ میں پولیو اور دیگر وبائیں پھیلنے لگیں، فوری مداخلت کی ضرورت ہے، ڈبلیو ایچ او نے فلسطینی بچوں تک ویکسین کی پہنچ کو یقینی بنانے کیلئے جنگ بندی پر زور دیا۔