ڈھاکا: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) بنگلا دیش میں طلباء نے ساتھیوں کی رہائی نہ ہونے پر ایک مرتبہ پھر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے ساتھیوں کو گرفتار کیے جانے پر طلباء آج سے دوبارہ احتجاج شروع کریں گے، طلباء کو مظاہروں کے دوران اور ہسپتالوں سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، نصف درجن طلباء رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد جیلوں میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کیخلاف ہونے والے طلباء کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں 205 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، سرکاری طور پر 147 افراد کی ہلاکت کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حکومت نے مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے 2 ہزار 357 افراد کو گرفتار کیا ہے، مظاہرے روکنے کیلئے بنگلادیش میں پچھلے ہفتے سے کرفیو نافذ ہے تاہم اب ایک بار پھر گرفتار رہنماؤں کی رہائی کیلئے طلباء نے احتجاج کی کال دے دی ہے۔