امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین مخالف بل پیش

ری پبلکن رکن سینیٹر مارکووبیوکی نے بل پیش کیا جس میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ اور پاکستان کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھارت کی مدد کا وعدہ کیا گیا

واشنگٹن( نیوز ڈیسک ) امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین مخالف بل پیش کردیا گیا،بل میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ اور پاکستان کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھارت کی مدد کا وعدہ کیا گیا، امریکی سینیٹ میں ری پبلکن رکن سینیٹر مارکووبیوکی کی جانب سے بل پیش کیا گیاجس میںامریکا پر بھارت کے ساتھ اسرائیل، کوریا، جاپان اور نیٹو جیسے اتحادیوں جیسا برتاو کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
بل میں بھارت کے خلاف مبینہ اقدامات پر پاکستان کی امداد روکنے اور کانگریس کو آگاہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔امریکی سینیٹر نے اپنے بل میں کہا ہے کہ بھارت کو چین کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کا سامنا ہے۔امریکی سینیٹ میں پیش کئے گئے بل میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ اور پاکستان کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھارت کی مدد کا وعدہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی ایوان نمائندگان نے بھاری اکثریت سے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد انتخابی دھاندلی کے دعووں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے حق میں ووٹ دیا تھا۔پاکستان کے فروری 2024 کے انتخابات میں مبینہ مداخلت یا بے ضابطگیوں کے دعووں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی قرارداد پرامریکی ایوان میں 7 کے مقابلے میں 368 امیدواروں نے ووٹ دیا تھا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد میں پاکستان کے عوام کی جمہوریت میں شرکت کو دبانے کی کوششوں، ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، تشدد، من مانی حراست، انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن تک رسائی پر پابندی سمیت شہری یا سیاسی حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی تھی۔ایوان کی ہاوس ریزولوشن 901 میں کہا گیا تھاکہ یہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت کا اظہار کرناتھا۔
قرارداد نے پاکستان کے سیاسی، انتخابی یا عدالتی عمل کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھی مذمت کی تھی۔قرار داد میں پاکستانی حکومت پر زور دیا گیاتھا کہ وہ جمہوری اور انتخابی اداروں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور پاکستانی عوام کی آزادی صحافت، آزادیِ اجتماع اور تقریر کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔