نیپال میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا،18 افراد ہلاک

اسلام آباد ( انٹرنیشنل ڈیسک ) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں18 افراد ہلاک ہو گئے۔
شنہوا نیوز کے مطابق نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان ہنس راج پانڈے نے کہا کہ بدھ کی صبح نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوریا ایئرلائنز کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں18 افراد ہلاک ہو گئے جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،حادثے کے باعث ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں ترجمان نے مرنے والوں کی تعداد 22 بتائی تھی، لیکن بعدازاں انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں ریسکیو ٹیم سے اعداد و شمار میں غلطی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پوکھرا شہر جانے کے لئے اڑان بھرنے والے بدقسمت طیارے میں 19 افراد سوار تھے۔