ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ ملانے کیخلاف اوگرا کا نوٹس، کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (این این آئی) اوگرا نے غیر قانونی ڈی کنٹرز کی جانب سے ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ2ملانے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اوگرا نے غیر قانونی ڈی کنٹرز کی جانب سے ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ2ملانے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین اوگرا مسرور خان کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس بلایالیا جس میں اتھارٹی ممبران، انفورسمنٹ، لیگل اور ایل پی جی ٹیموں نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس خطرناک عمل سے وابستہ ممکنہ جانی خطرات پر تبادلہ خیال کے بعد صوبائی چیف سیکرٹریز، اٹارنی جنرل اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بذریعہ مراسلہ آگاہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر اس غیر قانونی عمل کے خلاف مناسب کارروائی کریں۔اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اوگرا اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لئے اپنے قواعد و ضوابط کے تحت تمام قانونی آپشنز کو بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے جس کا مقصد عوام کی قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ ہے۔