آئی ایم ایف کا پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ، صوبوں نے زراعت پر انکم ٹیکس کو تسلیم کرلیا

اسلام آباد (این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے نئے قرض پروگرام کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کر دیا۔آئی ایم ایف کے ماہرین نے پاکستانی حکام سے مشکل ترین ورچوئل مذاکرات کیے، آئی ایم ایف نے چاروں صوبوں کے نمائندوں سے ورچوئل مذاکرات کیے، آئی ایم ایف کے ماہرین نے ہر صوبائی حکومت سے الگ مذاکرات کیے، ورچوئل مذاکرات میں وزارت خزانہ کے وفاقی اور صوبائی افسران شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے زراعت پر انکم ٹیکس وصولی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا، چاروں صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس پر آئی ایم ایف کا مطالبہ مان لیا اور زرعی آمدن پر ٹیکس کی وصولی کا پلان مرتب کرنے کے لیے دو دن کا وقت مانگ لیا، چاروں صوبائی حکومتیں 12 جولائی تک پلان جمع کرائیں گی۔ذرائع کے مطابق زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح سالانہ 6 لاکھ سے زائد آمدن پر عائد ہو گی، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کے ریٹ بھی نارمل انکم ٹیکس کے حساب سے ہوں گے، زرعی آمدن پر وفاق اور صوبے ایک پیج پر آجائیں گے۔ذرائع کے مطابق زرعی آمدن پر صوبوں نے آئی ایم ایف کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے بھی آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات کیے، آئی ایم ایف نے خیبر پختونخوا کے 100 ارب روپے سرپلس بجٹ کو سراہا۔