سنگاپور میں کیڑے مکوڑوں کی 16اقسام انسانی خوراک قرار

سنگا پورسٹی(این این آئی )سنگاپور نے کیڑے مکوڑوں کی 16اقسام کو انسانی خوراک کے لیے قابلِ استعمال قرار دے دیا ہے جن میں ریشم کے کیڑے اور جھینگر بھی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سنگا پور کی فوڈ ایجنسی نے کہا کہ منظور شدہ کیڑے مکوڑوں کی اقسام اور ان کی مصنوعات کی درآمد کی فوری طور پر اجازت دی جائے گی،یہ کیڑے اور ان کی مصنوعات انسانی استعمال کے قابل ہیں اور وہ جانور جن کا گوشت یا دودھ استعمال کیا جاتا ہے، انہیں بھی خوراک کے طور پر دیے جا سکتے ہیں۔

سنگاپور فوڈ ایجنسی نے کیڑوں یا کیڑوں کی مصنوعات کے استعمال کے حوالے سے عوامی رائے لینے کا سلسلہ سب سے پہلے 2022 کے آخر میں شروع کیا تھا۔گزشتہ سال اپریل میں ایجنسی نے کہا تھا کہ کیڑے مکوڑوں کی 16 اقسام کو کھانے کے قابل قرار دیا جائے گا تاہم یہ فیصلہ مسترد کر دیا گیا تھا۔تاہم اب فوڈ ایجنسی نے ایک ریگولیٹری فریم ورک ترتیب دیا ہے جو کیڑے مکوڑوں کی بطور خوراک منظوری کے لیے ہدایات فراہم کرتا ہے۔یہ ہدایات ان کاروباری اداروں پر بھی لاگو ہوتی ہیں جو کیڑے مکوڑوں کی درآمد، ان کی فارمنگ یا انسانی اور جانوروں کی خوراک میں استعمال کا ارادہ رکھتے ہیں۔