واشنگٹن: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی سیاسی جماعت کے اراکین کانگریس پر واضح کردیا ہے کہ وہ صدارتی دوڑ سے باہر نہیں ہوں گے اور آخر دم تک لڑیں گے۔ ڈیموکریٹ اراکین کانگریس کے نام خط میں جوبائیڈن نے کہا کہ پچھلے 10 روز میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں، حکام اور ووٹرز سے بات چیت کی ہے، ان کے خدشات سنے ہیں، وہ اندھے نہیں، دیگر کے مقابلے میں کہیں بہتر جانتے ہیں کہ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نمائندگی کی ذمہ داری کیا ہوتی ہے۔
بائیڈن نے واضح کیا کہ اگر انہیں مکمل یقین نہ ہوتا کہ وہی ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کے لیے بہترین امیدوار ہیں تو وہ دوبارہ صدارت کا الیکشن نہ لڑتے۔
امریکی صدر نے کہا کہ پارٹی ووٹرز نے انہیں ہی صدارتی امیدار چنا ہے تو کیا ان کی رائے کی بجائے میڈیا، سیاسی پنڈتوں اور ڈونرز کی بات سنی جائے؟ بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کیلئے کیسے کھڑے ہوں گے اگر ہم اپنی پارٹی ہی میں اسے نظر انداز کردیں، کہ یہ وقت ہے کہ پارٹی متحد ہوکر آگے بڑھے اور ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرائے۔