امریکا کا فلسطین کے لیے 40 کروڑ چار لاکھ ڈالر دینے کا اعلان

واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے فلسطین کو 40 کروڑ چار لاکھ ڈالرامداد دینے کا اعلان کیاہے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق اردن، مصر اور اقوام متحدہ کے اشتراک سے اردن میں غزہ میں امداد کی ترسیل بہتر بنانے کے لئے ایک کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں امریکانے 40 کروڑ چار لاکھ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔

امریکا کا کہنا تھا کہ وہ سنگین انسانی حالات کے جواب میں غزہ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کو اضافی انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نیاردن کی میزبانی میں انسانی امداد کی کانفرنس میں کہا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے اضافی 404 ملین ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کر رہے ہیں ، جو 1.8 ارب ڈالر سے زیادہ کی ترقیاتی، اقتصادی اور انسانی امداد کے علاوہ ہے جو امریکا نے 2021 سے فراہم کی ہے۔