بغیر اجازت حج کرنے والے گناہ کے مرتکب ہوں گے، مفتی اعظم سعودی عرب

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے مفتی اعظم، سینئر علما کی کونسل کے چیئرمین اور علمی تحقیق اور فتوی کے صدر شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے سنہ 1445 ہجری کے لیے تمام حجاج کرام سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ہدایات میں سب سے پہلے حج پرمٹ حاصل کرنا اور وزارت صحت کی طرف سے اعلان کردہ ویکسین حاصل کرنے کا عہد کرنا شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بغیر اجازت کے حج کرنے والا گناہ گار ہوگا۔

بغیر اجازت حج پر جانا جائز نہیں ہے۔ یہ شریعت کے مطلوبہ مفادات کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصالح کو بہتر کرنا اور برائی کو دور کرنا شریعت میں شامل ہے۔مفتی اعظم نے کہا کہ دانش مند قیادت اور مملکت نے حج کے متعلق ضوابط اور ہدایات بنائے ہیں جن کا مقصد عازمین کے استقبال کو آسان بنانا اور ان کا انتظام کرنا، انہیں ہر طرح کے آرام و آسائش فراہم کرنا، اور انہیں آسانی کے ساتھ عبادات کی ادائیگی میں مدد کرنا ہے۔ مملکت سعودی عرب کی حکومت نے دونوں مقدس مساجد، اسلام اور مسلمانوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔