انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران 33 اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے جن میں الیکشن کمیشن کے اہلکار اور ووٹر بھی شامل ہیں. چیف الیکٹورل آفیسر کا دعوی
نئی دہلی( انٹرنیشنل ڈیسک ) بھارت میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور دارالحکومت دہلی سمیت ملک کی مشرقی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں گرمی کی شدت سے اترپردیش، بہار اور اڑیسا میں 33 افراد ہلاک ہوگئے ہیں دوروز قبل بہار اور اڑیسا میں گرمی سے 14افراد ہلاک ہوئے تھے تینوں بھارتی ریاستوں میں ہلاک ہونے والوں میں عازانتخابات میں فرائض انجام دینے والے عملے کے اہلکار بھی شامل ہیں.
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں شدید گرمی کی لہرجاری ہے اور دارالحکومت نئی دلی سمیت بھارت کے مختلف حصوں میں تاریخ کا بلند ترین درجہ حرارت 52اعشاریہ9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے بھارت میں شدید گرمی کے باعث مختلف ریاستوں سے انتخابی عملے سمیت دیگر افراد کے اموات کی اطلاعات موصول ہوئی متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ ریاست اتر پردیش کے شہر جھانسی میں درجہ حرارت 46اعشاریہ9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا.
بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے دعوی کیا ہے کہ انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران 33 اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے ان اعداد و شمار میں سیکورٹی گارڈز اور صفائی کا عملہ بھی شامل تھا نودیپ رنوا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 18 ہزار ڈالر کا مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گایکم جون کو پولنگ کے آخری دن ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑا ایک شخص بے ہوش ہوگیا جب اسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے لے جایا گیا تو ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیدیا.
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو شدید گرمی کی وجہ سے اس کا خون گاڑھا ہو جاتا ہے اور اعضاءکام کرنا بند کردیتے ہیں واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا یعنی انڈین پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے انتخابات کے ساتویں مرحلے میںیکم جون کو پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہوگیا اور ٹی وی ایگزٹ پول میں حکمران جماعت کی جیت کی پیش گوئی کردی گئی ہے جس کے ساتھ ہی نریندر مودی کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا امکان ہے تاہم نتائج کا حتمی اعلان 4 جون کو کیا جائے گا.