بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

لاہور ( این این آئی)حکومت پنجاب کا عوام کیلئے معیاری اور سستی اشیائے خورونوش کی دستیابی کا مشن جاری ہے۔ آٹے، روٹی اور نان کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر خوراک بلال یاسین بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے متحرک ہوئے اور آج بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بیکری ایسوسی ایشن اور مختلف برینڈز کے نمائندگان سے ملاقاتوں اور مذاکرات کے بعد بڑی ڈبل روٹی پر 30 روپے کی کمی کی گئی ہے جبکہ 200روپے سے کم پر دستیاب بڑی ڈبل روٹی پر 20روپے کی کمی کی جا رہی ہے۔

وزیر خوراک نے بتایا کہ چھوٹی ڈبل روٹی 10 روپے جبکہ ہر قسم کے بن پر 5 روپے رعایت دی گئی ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ 200گرام رس پر 10روپے جبکہ تمام قسم کی بیکری پروڈکٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی گئی۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا اور قیمتوں میں کمی کا اطلاق صوبہ بھر میں تمام برینڈز اور لوکل بیکری پروڈکٹس پر ہو گا۔

وزیر خوراک بلال یاسین نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی کے ساتھ معیار کو قائم رکھنا اور دستیابی یقینی بنانا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، انڈسٹریز اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ عوام تک سستی اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔