سپین کا فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

میڈرڈ: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) فلسطین کی جدوجہد آزادی کیلئے تاریخ ساز دن، سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخ ساز لمحہ ہے، فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہمارافیصلہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ امن کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔ واضح رہے کہ سپین کی جانب سے اس اعلان کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 146 ہوگئی ہے۔

قبل ازیں آئرلینڈ، ناروے کے وزیراعظم نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب غزہ میں حماس کو شکست دینے کے لیے اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے فلسطینی شہادتوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک دیرپا حل پر زور دینے کا سبب بنا ہے۔

7 اکتوبر2023 سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 36 ہزارسے زائد فلسطینی شہید اور 80 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ۔