بھارت میں انتخابات کا چھٹا مرحلہ، 7 ریاستوں میں پولنگ

نئی دہلی : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) بھارت میں 19 اپریل سے شروع ہونیوالے عام انتخابات کے چھٹے مرحلے میں نئی دہلی اور 7 ریاستوں میں پولنگ جاری ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں 7 مرحلوں پر مشتمل انتخابات میں لوک سبھا کی 58 سیٹوں پر چھٹے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہو گئی، جس میں قومی دارالحکومت دہلی کی تمام 7 سیٹیں بھی شامل ہیں۔

ہریانہ، جھارکھنڈ، اڈیشہ، اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، دہلی، جموں و کشمیر میں رجسٹرڈ ووٹر 58 نشستوں کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق الیکشن میں اقتدار کے دو اہم جماعتیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) ہیں، جو 26 جماعتوں کا اتحاد ہے، جس کی قیادت مرکزی اپوزیشن پارٹی راہول گاندھی کی انڈین نیشنل کانگریس کررہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ، آج کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے دہلی میں ووٹ ڈالا۔ عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں 57 سیٹوں کے لیے ووٹنگ یکم جون کو ہوگی جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔