ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آخری رسومات جاری، تدفین آج ہوگی

تہران : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونیوالے صدر ابراہیم رئیسی کی آخری رسومات جاری ہیں، ان کی تدفین آج مشہد میں کی جائے گی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بیرجند میں آخری رسومات میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہے جس کے بعد ابراہیم رئیسی کی تدفین آج مشہد میں روضہ امام رضا کے احاطے میں کی جائے گی۔

ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی نمازِ جنازہ کل تہران میں ادا کی گئی تھی، ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ پڑھائی ۔

قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی میتیں طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران لائی گئیں، ایئرپورٹ پر جاں بحق ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی آخری رسومات کا آغاز منگل کے روز ایرانی شہر تبریز سے ہوا جس میں ہزاروں افراد شامل تھے۔

ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے پانچ روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور نائب صدر 68 سالہ محمد مخبر کو 28 جون کو ہونے والے انتخابات تک نگراں صدر مقرر کیا ہے۔

واضح رہے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ کا ہیلی کاپٹر ایران کے شمال مغرب میں واقع مشرقی آذربائیجان کے صوبے میں 19 مئی کو پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں تمام افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔