کویت سٹی : ( نیوز ڈیسک ) امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نےقومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین کی بعض شقوں کو چار سال کےلیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ خبررساں ادارے کے مطابق امیر کویت نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ ہم نیشنل سوشل سکیورٹی قوانین پر نظرثانی کریں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست دو بنیادی ستونوں پرقائم ہے جن میں عدلیہ اور امن ہے، سکیورٹی اہلکاروں کا احترام ہی دراصل قانون کو تسلیم کرنا ہے، ان کے وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
امیر کویت نے مزید کہا کہ ہمارا ملک مشکل وقت سے گزرا ہے، جس نے زندگی کے تمام پہلوؤں پر اثرات چھوڑے ہیں ، یہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ان مشکل حالات سے نکلنے کے لیے آگے بڑھ کر کام کریں۔
شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے کہا کہ ہمارے پاس ملک کوبچانے اور اس کے اعلیٰ قومی مفادات اور قوم کے وسائل کے تحفظ کے لیے یہ سخت فیصلہ لینے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔
ان کاکہنا تھا کہ ملکی مفادات کو نقصان پہنچانا اور عوامی دولت کو ضائع کرناکسی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، جو بھی سرکاری رقم کے ناجائز استعمال میں ملوث ہوا اسے سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اختیارات امیر اور ملکی کابینہ سنبھالے گی۔