پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت مزید کم کر کے 15 روپے مقرر کر دی ہے۔ الحمدُللّہ ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ٹویٹ
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تندوروں پر روٹی کی قیمت میں مزید کمی کا اعلان کردیا ہے۔ ایکس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت مزید کم کر کے 15 روپے مقرر کر دی ہے۔ الحمدُللّہ۔ اس سے پہلے پنجاب بھر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کرکے 16 روپے اور نان کی قیمت 30 روپے سے کم کرکے 20 روپے کی گئی ہے۔
جس پر وزیراعلیٰ کے سخت احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ اسی طرح باقی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں مہنگائی 36 فیصد سے کم ہوکر17 فیصد پر آ گئی ہے۔
ماضی میں حکومت پیسے دے کر عوام کیلئے اشیاء مہنگی کرتی رہی ہے۔
اسی طرح صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مہنگائی 37 فیصد سے 17 فیصد تک آگئی جلد مزید کم ہوگی۔ دو ماہ میں پنجاب میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہزار روپے سستا ہوا روٹی کی قیمت 16 روپے سے بھی مزید کم ہوگی۔ پنجاب گورنمنٹ کے لئے رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ایک چیلینج تھا، کوشش کی گئی کہ رمضان نگہبان پیکیج سے اسے کنٹرول کریں۔
آج مجھے بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پنجاب حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہی۔ عام آدمی کا مسئلہ ڈالر کی قیمت یا جی ڈی پی نہیں بلکہ سستی روٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چشم دید گواہ ہوں کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے دن رات محنت کی ہے۔ نو ہفتوں کی حکومت میں مریم نواز نے پنجاب میں لینڈ مارک کام کئے ہیں۔ مریم نواز نے حلف کے بعد اشیاء خورونوش کی قیمتوں پر بریفنگ لی کیونکہ عوام کا درد جانتی ہیں۔
عام آدمی کا مسئلہ یہ ہے سبزیاں کتنی سستی ہوئیں، مہنگائی میں کمی ہورہی یا اضافہ ہو رہا ہے؟ شہبازشریف کے علاوہ کسی وزیر اعلیٰ کو خیال ہی نہیں آیا روٹی سستی ہونی چاہئیے۔ بہت سے مافیاز اٹھے کہ روٹی سستی نہیں ہونے دیں گے۔ مرغی کے گوشت میں 230روپے فی کلو کمی ہوئی، پیاز ساڑھے تین سو روپے کلو تھا اب ایک سو بیس روپے میں دستیاب ہے، ٹماٹر پچاس روپے میں دستیاب ہے آلو چالیس روپے سستا ہوا ہے۔
جب مریم نواز نے حلف اٹھایا تو آٹے کا تھیلا 28سو روپے کا تھا اب وہ تھیلا 18سو روپے میں مل رہا ہے۔ پنجاب میں مہنگائی کا تناسب چھتیس فیصد سے سترہ فیصد تک آیا ہے۔ تمام صوبوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے مقابلہ ہونا چاہئیے۔ ہم آٹے کی قیمت میں مزید کمی لائیں گے۔ پینتیس روپے آٹا نوازشریف دور میں ملتا رہا اب آٹے کی قیمت کو مزید کم کرنے کیلئے نوازشریف کی بیٹی ہر طرح کے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ہم ایک اتھارٹی بھی بنا رہے ہیں جو 24/7 مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے کام کرے گی۔ سات سال بعد لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کررہے ہیں، ایک سیاسی جماعت جو خود کو نوجوانوں کی جماعت تو کہتی ہے مگر اس نے شہباز شریف کے بغض میں لیپ ٹاپ سکیم کو بند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال ن لیگ کا منصوبہ تھا جسکو مریم نواز نے آگے بڑھایا۔ کتنا ہی اچھا ہو کہ لیپ ٹاپس کے پی کے بچوں میں بھی تقسیم ہوں۔
پہلے کے پی کے والے ہمیں جنگلہ بس کا طعنہ دیتے تھے پھر انہوں نے خود بھی بنا لی۔ پہلے ہم نے ائیرایمبولینس شروع کی پھر کے پی کے نے بھی شروع کر دی۔ پنجاب میں روٹی سولہ روپے میں مل رہی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید سستی ہوگی۔ کے پی کے حکومت نے روٹی پندرہ روپے کرنے کا کہا مگر میں چیلنج کے ساتھ کہتی ہوں کہ کے پی کے میں روٹی کہیں بھی اس قیمت پر نہیں مل رہی۔