پنجاب میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی

لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے 22 اپریل کو’ ‘ارتھ ڈے”2024 کے موقع پر اہم ماحول دوست اقدامات کا فیصلہ کیا ہے،پنجاب بھرمیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ”ارتھ ڈے”منایاجائے گااور ‘پلاسٹک کو ناں'(No to Plastic)مہم کا آغاز ہوگا،اس حوالے سے 5 جون سے پنجاب بھر میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی کی وزیراعلی پنجاب نے منظوری دے دی ہے۔ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی پنجاب کے ماحول دوست وژن کے تحت اقدامات پر عمل درآمدکے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مہم کا مقصدپلاسٹک سے ہونے والی جان لیوا بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ سینئروزیر نے ہدایت کی کہ پولیتھین بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائی جائے کیونکہ پلاسٹک بیگز کو تلف کرنے اور آگ لگانے سے ماحول کو سنگین نقصان پہنچتا ہے اور سانس کی تکلیف اور دیگر جان لیوا بیماریاںجنم لیتی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سربراہان اپنے اداروں اورڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی یقینی بنائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس منعقد ہوں گی اور انسانی صحت کو پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیاجائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ارتھ ڈے پر”نو ٹو پلاسٹک’ ‘کے پیغامات جاری ہوں گے،ذرائع اور سوشل میڈیا پرخصوصی آگاہی مہم چلے گی۔

مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ عوام کینسر سے بچاؤکے لئے پلاسٹک بیگ کی بجائے کپڑے اور کاغذ کے تھیلے استعمال کریںـ اسی طرح دکاندار، شاپنگ مالز، ریستوران اور تندورمالکان پلاسٹک بیگز کی بجائے استعمال نہ کرنے کی مہم کا ساتھ دیں اور انسانی صحت کو بہتر بنانے اور سموگ کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں۔عوام اپنے گھروں میں بھی پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک کے کھانے پینے کے برتنوں کو استعمال نہ کریں تا کہ ان کی صحت بحال رہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ ماحول اور انسانی صحت کیلئے اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے کیونکہ شہریوں اور میڈیا کے تعاون کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہوسکتی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق 5 جون ڈیڈ لائن ہے جس کے بعد پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔