یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

سبسڈی والے گھی کی قیمت میں 58 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ،بی آئی ایس پی صارفین کیلئے گھی کی نئی قیمت 393 روپے کلو ہوگئی ہے، نئی قیمت میں اضافے کا اطلاق فوری طورپر ہوگا،حکام

اسلام آباد( کامرس ڈیسک ) یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا،سبسڈی والے گھی کی قیمت میں 58 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کی قیمت کے مقابلے میں سبسڈی والے گھی کی قیمت میں اضافہ کیاگیا ہے۔اس حوالے سے یوٹیلٹی سٹورز حکام کا کہنا ہے کہ گھی کی نئی قیمت میں اضافے کا اطلاق فوری طورپر ہوگا۔
بی آئی ایس پی صارفین کیلئے گھی کی نئی قیمت 393 روپے کلو ہوگئی ہے۔ رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورزپرگھی کی فی کلو قیمت 335 روپے تھی ۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد بھی ایک کلو گھی پر 70 روپے سبسڈی ہے۔یوٹیلٹی سٹورز حکام کا کہنا ہے کہ اب نئی خریداری مہنگی قیمت پرکرنے کے باعث گھی کی قیمت بڑھانا پڑی۔
اس وجہ سے ذرائع کاکہنا ہے کہ گھی کی قیمت میں بڑا اضافہ کیاگیا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز نے رمضان ریلیف پیکج کے مقررہ کردہ 36 ارب روپے کے سیل ہدف پر نظرثانی کردی ہے اورسٹورز نے نظرثانی سیل ہدف4 ارب روپے اضافے سے 40 ارب روپے مقرر کردیا ہے۔رمضان پیکج کے تحت سیل اب تک 38 ارب 15کروڑ روپے پر پہنچ گئی ہے جب کہ پیکج کے اختتام تک سیل کا نظرثانی ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ رمضان المبارک کے موقع پر یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے حجم میں 5 ارب روپے اضافے کی منظوری کے بعد گھی 30 روپے فی کلو سستا کردیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے حجم میں 5 ارب روپے اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج کا حجم ساڑھے 7 ارب سے بڑھاکر ساڑھے 12 ارب روپے کیا گیا تھا۔ یوٹیلٹی سٹورز پرگھی 30 روپے فی کلو سستا کردیا گیا تھا۔ گھی کی فی کلو قیمت 365 سے کم کرکے 335 روپے مقرر کی گئی تھی۔ گھی کی فی کلو قیمت پرسبسڈی 70 روپے سے بڑھاکر 100روپے کردی گئی تھی۔