یو اے ای میں شدید بارشیں، فلائٹ شیڈول متاثر، میٹرو سٹیشنز بھی پانی سے بھر گئے

ابوظہبی: (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شدید بارشوں کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر، میٹرو سٹیشنز بھی پانی سے بھرگئے۔ عرب نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی اور ابوظبی میں طوفانی بارشیں جاری ہیں، خراب موسمی حالات کے پیش نظر سیکڑوں فلائٹس تاخیر کا شکار، ہزاروں مسافر پھنس گئے جبکہ درجنوں میٹرو اسٹیشن اور انڈر پاس زیر آب آنے سے متعدد راستے بند کردئیے گئے۔

مزید بارشیں، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیش گوئی پر اماراتی حکام کی جانب سے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی، جس میں عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

ائیرپورٹ حکام کی مسافروں کو آن لائن شیڈیول چیک کرنے کے بعد ایئر پورٹ آنے کی ہدایات کی گئی ، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار بھی متاثر ہوئے ، بچوں کی پڑھائی میں خلل آنے پر اسکول انتظامیہ نے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا۔