سٹیٹ بینک اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم بڑھانے پر غور

اسلام آباد: (کامرس ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزیراعظم یوتھ پروگرام نے نوجوانوں کے کاروبار کے لیے قرضہ سکیم کو بڑھانے پر غور شروع کر دیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور مائیکرو فنانسنگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ہونے والے اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم کے ٹیئر 1 کے فریم ورک کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق اس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کی بہتر خدمت کے لیے اس کا دائرہ کار وسیع کرنا اور ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹ کو نافذ کرنا ہے۔

یاد رہے کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم، جو ایک اہم اقدام ہے، اپنے ٹیئر 1 میں 5 لاکھ تک کے غیر ضمانتی قرضوں اور ٹیئر 2 اور ٹیئر 3 میں بالترتیب 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے کے قرضوں کی پیشکش کرتی ہے۔ اس کا مقصد ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کوان قرضوں کے حصول کے ذریعے ان کی کاروباری خواہشات کیلئے باہمی تعاون کی فراہمی کی کوششوں کے ذریعے ان کو با اختیار بنایا جا سکے اور نوجوانوں کی رسائی کو بڑھانے اور ان کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں سکیم کو مزید فعال کیا جائے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے قرضوں تک آسان رسائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔