پنجاب میں تندور مالکان کا حکومتی ریٹس پر روٹی دینے سے انکار، انتظامیہ کا کریک ڈائون شروع

لاہور ( این این آئی) پنجاب میں تندور مالکان نے حکومتی ریٹس پر نان اور روٹی دینے سے انکار کر دیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے کریک ڈائون شروع کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 100گرام روٹی 16روپے اور 120 گرام نان 20روپے مقرر کی گئی ہے تاہم تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹا اگر سستا ہوا ہے تو ابھی ملا نہیں جبکہ بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگے ہوگئے تو روٹی نان سستی کیسے دیں۔دوسری جانب شہریوں نے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اقدام قابل ستائش ہے مگر اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے۔دوسری جانب، روٹی اور نان کی نئی قیمتوں پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 296تندوروں کی چیکنگ کیں جس میں 46افراد کو نئی جاری کردہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے۔تحصیل رائیونڈ میں 76، تحصیل سٹی میں 65، تحصیل کینٹ میں 45، تحصیل ماڈل ٹائون میں 40اور تحصیل شالیمار میں 70انسپکشنز کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون صاحبزادہ یوسف نے 04افراد کو گرفتار کرکے 70 ہزار کے جرمانے کیے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے 03افراد کو حراست میں لیکر 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ 100گرام روٹی کی قیمت 16روپے اور نان 120گرام کی قیمت 20روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گزشتہ روز روٹی و نان کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔شہر بھر میں نان و روٹی کی جاری کردہ نئی قیمتوں پر اطلاق کروایا جا رہا ہے، کسی بھی جگہ نان روٹی کی قیمت کے حوالے سے شکایت 0800003245پر درج کروائیں۔