آئی پیڈ اور سمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین بیرون ملک سے درآمد کیے گئے موبائل فونز خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) ملک میں مقامی سطح پر تیار ہونے کے باوجود موبائل فون کی درآمد میں 100 فیصد اضافہ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فون تیار ہونے کے باوجود اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے پاکستان میں آئی پیڈ اور اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین بیرون ملک سے درآمد کیے گئے موبائل فونز خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ ملک میں مقامی سطح پر موبائل فون تیار ہونے کے باوجود رواں مالی سال 2023/24ء کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 100 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر ایک ارب 14 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔ ادھر وزیرآباد میں موبائل ہول سیل دکان میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 40 لاکھ روپے کے موبائل فونز سمیت 25 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، یہ واقعہ وزیرآبا د میں جی ٹی روڈ پر پل کے نیچے ایم چائنہ موبائل فونز کی ہول سیل دکان میں پیش آیا جہاں اسلحہ سے لیس 4 ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور دکان میں موجود موبائل فونز کو تھیلوں اور کارٹنز میں ڈال کر فرار ہو گئے، ڈاکووٴں نے واردات سے پہلے قریب واقعہ برگر پوائنٹ پر بھی فائرنگ کی۔
بتایا گیا ہے کہ ڈاکو جاتے ہوئے دکان کے شٹر بھی بند کر گئے جبکہ پولیس واردات کے آدھا گھنٹہ بعد موقع پر پہنچی، پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکووٴں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے، دکان کے مالک کا کہنا تھا کہ ڈاکو 25 لاکھ روپے کیش اور 40 لاکھ روپے کے موبائلز لوٹ کر فرار ہوئے۔