ایف بی آر کا نمایاں ٹیکس دہندگان کیلئے پاکستان آنر کارڈمتعارف کروانے کا فیصلہ

لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس سال 2023 کے دوران نمایاں ٹیکس دہندگان کیلئے پاکستان آنر کارڈ اسکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے حال ہی میں ایوارڈ وصول کرنے والے نمایاں ٹیکس دہندگان کو آنرکارڈ جاری کیے جائیں گے، آنر کارڈ وصول کرنے والوں کو ایک سال کیلئے سہولیات و مراعات دی جائیں گی۔ٹیکس دہندگان کو آنر کارڈ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔اسکیم کا اطلاق ٹیکس ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب میں وزیراعظم سے ایوارڈ وصول کرنے والے ہر کٹیگری کے ٹاپ ٹیکس دہندگان پر ہوگا۔

اسکیم کے تحت کیمیکل پراڈکٹس، فوڈ پراڈکٹس، لیدر، مشینری، فارما سیوٹیکل اور کھیلوں کے سامان کے شعبے سے دو دو بڑے ایکسپورٹرز کو کارڈ جاری کیے جائیں گے۔اسٹیل اینڈ میٹل پراڈکٹس، پیپر اینڈ پلاسٹک سمیت دیگر شعبوں میں سب سے زیادہ برآمدات کرنے والے ایک ،ایک بڑے برآمد کنندہ کو یہ کارڈ جاری کیے جائیں گے ،ٹاپ ٹیکس پیئرز کو تمام ہوائی اڈوں پر وی آئی پی لائونجز تک رسائی ملے گی اور امیگریشن کائونٹرز پر فاسٹ ٹریک کلیئرنس کی سہولت بھی دی جائے گی۔پاکستان آنر کارڈ رکھنے والوں کو سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور انہیں وزیراعظم کے ساتھ سالانہ ڈنر پر بھی مدعو کیا جائے گا۔