بھارت پاکستان میں مختلف افراد کے قتل میں ملوث ہے ، برطانوی روزنامے کی رپورٹ میں انکشاف ،2020سے لے کر اب تک 20 افرادکو قتل کیاگیا: رپورٹ

لندن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) برطانوی روزنامے گارڈین نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ بھارتی حکومت نے غیر ملکی سرزمین پر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے نام پرپاکستان میں مختلف افراد کو قتل کیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برطانوی روزنامے نے اپنی رپورٹ میں یہ انکشاف انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے ۔ رپورٹ میں انٹیلی جنس حکام کے انٹرویوز اورتفتیش کاروں کی طرف سے شیئر کی گئی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیاہے کہ کس طرح بھارت کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نے 2019 کے بعد مبینہ طور پر بیرون ملک لوگوں کو قتل کیا۔
بھارت کی بدنام زمانہ ایجنسی، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ(را) براہ راست بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کنٹرول میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت بیرون ملک ان لوگوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جنہیں وہ اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ رپورٹ میں امریکہ اور کینیڈا کی جانب سے بھی بھارت پر اپنے ممالک میں سکھ کارکن ہر دیپ سنگھ نجر کے قتل اور ایک اور سکھ لیڈر پر قاتلانہ حملے کی سازش کا حوالہ دیاگیاہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاہے کہ 2020کے بعد سے بھارت نے20افراد کو بیرون ملک قتل کیا ہے ۔ اگرچہ بھارت پرپہلے غیر سرکاری طور پربیرون ملک قتل کے واقعات کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی انٹیلی جنس عہدیداروں پر بیرون ملک قتل کے واقعات کے میں براہ راست طورپرراکے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔اخبار نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اب تک 20افراد کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان واقعات کی تفتیش میں پاکستانی سرزمین پر اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بھارتی جاسوسوں کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کو تفصیلات سامنے آئی ہیں۔