بیروت: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی پر معاہدے کیلئے ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی مزاحمت تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کے انخلا کی صورت میں ہی بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے، فلسطینی مقدس مقامات سے اسرائیل کا انخلا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی، اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا، غزہ کے تمام بے گھر فلسطینیوں کی ان کے گھروں کو واپسی اور غزہ میں انسانی امداد کی ضروریات کے مطابق فراہمی ہمارے مطالبات میں شامل ہے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل سے جنگ بندی کے معاہدے کیلئے حماس اپنی شرائط پر قائم ہے، غزہ کا محاصرہ ختم کر کے قیدیوں کے تبادلے کی باعزت رہائی کا معاہدہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کے وفد نے اپنی تجاویز مصری حکام کے حوالے کی تھیں، مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں۔