اسرائیل کی رفح اور خان یونس میں رات گئے فائرنگ، متعدد فلسطینی شہید

غزہ : (انٹرنیشنل ڈیسک) غزہ کے شہر رفح میں گھروں پر رات گئے ہوائی فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد شہید ہو گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 سے زائد فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے علاقے دیر البلاح میں رات بھر ہوائی فائرنگ اور توپ خانے سے بمباری کی، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب خان یونس میں اسرائیلی نے فضائی حملے کرکے متعدد گھروں کو نشانہ بنایا جس سے کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔

اس کے ساتھ ہی اسرائیلی توپ خانے کے ذریعے غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں شیخ عجلین، تل الحوا اور الزیتون شامل ہیں، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔

اسرائیل نے مشین گنوں اور میزائل سے بمباری کرکے رفح اور خان یونس شہروں کے علاقے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا۔

علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریئس نے کہا ہے کہ شفا ہسپتال کی تباہی کے بعد وہاں سے مزید طبی انخلا کی ضرورت ہے، ہسپتال سے مریضوں کو نہ نکالا گیا تو مزید اموات ہو جائیں گی۔

دوسری جانب حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی پر معاہدے کیلئے ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 ہزار 975 فلسطینی شہید اور 75 ہزار577 زخمی ہو چکے ہیں۔