دمشق : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ شام پر بھی بمباری کرنا شروع کر دی، شام کے شہر حلب پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 38 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں شہری و شامی فوجی اہلکار شامل ہیں، اسرائیلی حملوں کے بعد دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئی۔
شامی حکام کے مطابق اسرائیلی بمباری میں رات گئے حلب کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شام میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ قبل ازیں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے حلب کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بڑے دھماکے ہوئے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے اڈوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے، اس نے شامی فوج کے فضائی دفاع اور کچھ شامی افواج کو بھی نشانہ بنایا ہے۔