ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو دو منصوبوں کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی ایم ایف کے بعد ورلڈبینک نے بھی پاکستان کیلئے قرضے کی منظوری دے دی، ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو 2 منصوبوں کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کیلیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری دے دی۔ورلڈ بینک کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق بینک پاکستان کو دو منصوبوں کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرکی رقم فراہم کریگا، جن دو منصوبوں کے لیے رقم کی فراہمی کی جائیگی انمیں ایک منصوبہ ڈیجٹیل اکانومی انہاسمنٹ پروگرام ہے جس کے لیے 7 کروڑ 80 لاکھ ملیں گے ،منصوبے کے تحت شہریوں اور فرموں کے لیے ڈیجیٹل طور پر فعال عوامی خدمات کی فراہمی کی توسیع میں معاونت کی جائیگی، المی بینک 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالر سندھ بیراجز امپروومنٹ پراجیکٹ کے لیے فراہم کرے گا، منصوبے کے تحت سیلاب سے بچاؤ اور سندھ کے تین بیراجوں کی حفاظت اور انتظام کا بندوبست کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ چند روز میں چند روز کے دوران پاکستان کی جانب سے سیکیور کی گئی یہ تیسری بڑی بیرونی فنڈنگ ہے۔ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہو جانے کے بعد گزشتہ روز پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی بڑی فنڈنگ سیکیور کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ گزشتہ روز اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 20کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ ہوا۔ جمعہ کواقتصادی امور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کا وفد22سے 24مارچ تک پاکستان کے دورہ پر ہے،سیکرٹری اقتصادی امور اور آئی ایس ڈی بی کے ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اعلامیے کے مطابق یہ رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی، مکانات کی تعمیر، صاف پانی، حفظان صحت کی سہولیات پر خرچ ہوگی۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس رقم سے 13لاکھ افراد کے حالات میں بہتری لائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے وفد کا خیر مقدم کیا،وزیراقتصادی امور نے اسلامی ترقیاتی بینک کے 4.2ارب ڈالر دینے کے وعدے کو سراہا۔اعلامیے کے مطابق 2022میں اسلامی ترقیاتی بینک نے 4.2ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔