ڈبلن: (انٹرنیشنل ڈیسک) آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو واراڈکار نے ملک کی حکمران جماعت کی سربراہی اور وزیراعظم کی حیثیت سے استعفے کا اعلان کردیا تاہم نئے وزیراعظم کے انتخاب تک کام کرتے رہیں گے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لیو واراڈکار نے ڈبلن میں ہنگامی پریس کانفرنس میں اچانک استعفے کا اعلان کیا اور بتایا کہ اپنی جماعت فائن گائیل سے درخواست کی ہے کہ 6 اپریل کو ہونے والی سالانہ کانفرنس میں پارٹی کا نیا قائد منتخب کیا جائے۔
خیال رہے کہ لیو واراڈکار 2017 میں وزیراعظم منتخب ہوئے اور پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم بنے تھے اور ایک سال قبل ہی دوبارہ منتخب ہوئے تھے جبکہ اگلے انتخابات مارچ 2025 میں منعقد ہوں گے۔
لیو واراڈکار نے ڈبلن میں ہنگامی پریس کانفرنس میں استعفے کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میرے استعفے کی وجوہات ذاتی اور سیاسی دونوں ہیں لیکن بہت سوچ و بچار کے بعد فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نئے وزیراعظم اور قائد اتحادی حکومت کے دوبارہ انتخاب کے لیے مجھ سے بہتر ثابت ہوں گے۔
آئرلینڈ کے مستعفی وزیراعظم کے پیش رو کے پاس ان کی حکومت پر ہونے والی تنقید اورسیاسی معاملات درست کرنے کے لیے مزید ایک سال ہے کیونکہ عوامی حلقوں میں مرکزی اپوزیشن جماعت سن فئین کو مقبولیت حاصل ہے۔