اوٹاوا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) کینیڈا نے غزہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روک دی۔ کینیڈین خارجہ امور کے پارلیمانی سیکریٹری راب اولیفنٹ نے پارلیمنٹ میں سوال و جواب کے سیشن میں حکومت کے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کی حمایت جاری رکھیں گے اور اسرائیل کو ہتھیار فروخت نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کینیڈین پارلیمنٹ میں اکثریت رائے سے منظور ہونے والی قراردار میں کہا گیا تھا کہ کینیڈا اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فلسطین کی ریاست کے قیام کی سمت کام کرے گا۔
کینیڈا کی پارلیمنٹ میں قرارداد کے حق میں 207 جبکہ مخالفت میں 117 ووٹ آئے تھے، اس حوالے سے کینیڈین وزیر خارجہ میلانیا جولی کا کہنا ہے کہ کینیڈا اسرائیل کو تمام ہتھیاروں کی ترسیل روک دے گا۔