پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور لیوی کی مد میں 142 روپے وصول کیے جانے کا انکشاف

حکومت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 82 روپے فی لٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 روپے فی لٹر ہے

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور لیوی کی مد میں 142 روپے وصول کیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل پر وصول کیے جانے والے ٹیکس اور لیوی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 82 روپے فی لٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 روپے فی لٹر ہے، حکومت پہلے چھ ماہ کے دوران 475 ارب روپے صارفین سے وصول کرچکی ہے، رواں مالی سال میں 920 سے 970ارب روپے وصولی کا ہدف مقرار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے بقیہ ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ماہ کے اختتام تک پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے جبکہ ڈیزل سستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے 31 مارچ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق 31 مارچ تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت 279 روپے 75 پیسے کی سطح پر برقرار رہے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 1 روپے 77 روپے کی کمی سے 285 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہو گی۔

قیمتوں کا اطلاق 15 تا 31 مارچ کی رات 12 بجے تک کیلئے ہو گا۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں کے حوالے سے اعداد و شمار کا جائزہ مکمل کرلیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان نہیں ہے کیوں کہ اوگرا کے جائزہ کے لحاظ سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ بنتا ہے لیکن اسی ورکنگ میں ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے کمی کا کہا جارہا تھا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے 15 یوم کیلئے پاکستان میں پٹرول مہنگا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، یکم مارچ سے 15 مارچ تک کیلئے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا، یوں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 279 روپے 75 پیسے ہو گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا، 15 مارچ تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 287 روپے 33 پیسے برقرار رکھی گئی۔