اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نیتن یاہو کی پارٹی نے امریکا کو سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کوئی بنانا جمہوریہ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے امریکی سینیٹ کے رہنما کی جانب سے اسرائیل میں نئے انتخابات کرانے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اتحادی “بنانا ریپبلک نہیں ہے”۔
لیکوڈ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر شومر کے الفاظ کے برعکس، اسرائیلی عوام حماس پر مکمل فتح کی حمایت کرتے ہیں فلسطینی دہشت گرد ریاست کے قیام کے لیے کسی بھی بین الاقوامی حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں، اور غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کی واپسی کی مخالفت کرتے ہیں۔اسرائیل کے وزیر خزانہ نے بھی اس تنقید کی مذمت کی ہے۔ وزیرخزانہ سموٹریچ نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اسرائیلی جمہوریت کا احترام کرے گی۔
اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل امریکا کو کھو رہا ہے۔ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹ کے رہنما شومر کے تبصرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا میں اسرائیل کے سب سے بڑے حامیوں کو کھو رہے ہیں۔انہوں نے پیغام میں لکھا کہ نیتن یاہو جنگ جیتنے اور اسرائیل کی سلامتی کو برقرار رکھنے کی قومی کوششوں کو بھاری نقصان پہنچا رہا ہے وہ جان بوجھ کر کر رہا ہے۔اس سے پہلے، شمر نے کہا کہ نیتن یاہو اب اسرائیل کی ضروریات کو پورا نہیں کرتے اور ملک کو نئے انتخابات کی ضرورت ہے۔