سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نماز اور جمعہ کے وقفے کا بھی اعلان کردیا
کراچی ( نیوز ڈیسک ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کردیا، اوقاتِ کار پر تمام بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک عمل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نئے اوقات کار کے تحت رمضان المبارک کے دوران بینکوں میں پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دن کے ساڑھے 3 بجے تک کام ہوگا، پیر سے جمعرات دن 2 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک ظہر کی نماز کا وقفہ ہوگا جب کہ جمعہ کے روز صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر ایک بجے تک بلا وقفہ کام ہوگا، پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر2 بجے تک بلاوقفہ عوامی لین دین ہوگا جب کہ جمعہ کو صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر ایک بجے تک بلاوقفہ عوامی لین دین کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یکم رمضان المبارک کو بینکوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت یکم رمضان المبارک کو تمام بینک عوامی لین دین کیلیے بند رہیں گے جب کہ ملازمین کو زکواة کی کٹوتی کیلئے دفتر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1445 ہجری کو عوام سے لین دین کے لیے تمام بینک بند رہیں گے، یکم رمضان المبارک کو زکواةکی کٹوتی کے لیے بینک تعطیل ہوگی، تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین نہیں کریں گے، بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائیکرو فنانس بینکوں کے تمام ملازمین معمول کے مطابق کام کے لیے دفتر میں حاضر ہوں گے۔