سوئی ناردرن کا سحرو افطار میں بلاتعطل گیس فراہمی کا فیصلہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں بلاتعطل گیس فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق سحری کے لیے رات اڑھائی سے صبح 8 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی جب کہ افطاری کے لیے سہ پہر 3 سے رات 10 تک بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ گیس پریشر کے مسائل کے حل کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی نے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں رمضان المبارک کے لیے گیس شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سحری میں صبح 3 بجے تا صبح 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی جب کہ افطار کے لیے دوپہر 3 بجے تا رات 10 بجے تک گیس کی سپلائی کھلی رہے گی۔