جدہ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، فلسطین اور ایران سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مملکت رفح کے خلاف کسی بھی جارحیت کے نتائج وعواقب سے خبردار کر رہی ہے، ہم غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے غزہ میں فوری امداد فراہمی کا مطالبہ دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ رفح پر اسرائیلی جارحیت کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ اجلاس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا، پاکستان کے مندوب نے غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فنڈ فراہمی پر زور دیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور تنظیموں کے داخلے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں وزرا نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر جنگی جرائم کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے پر زور دیا۔
وزرا نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی، غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلاء اور تمام غیرقانونی اقدامات روکے جائیں۔