غزہ:امدادی سامان کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ

اسرائیل بھوک میں اضافہ اور غزہ میں محاصرہ اور انسانی تباہی کو جاری رکھنا چاہتا ہے.حماس کا بیان

غزہ ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے جنوب میں امداد کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی غزہ میں حماس کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ محصور پٹی کے شہری کویت چوک کے قریب امدادی سامان کے حصول کے لیے جمع تھے جب ان پر اسرائیلی فورسزنے اندھادھند فائرنگ کردی ابھی تک ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا. بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا فلسطینیوں کو نشانہ بنانا اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ بھوک میں مزید اضافہ اور غزہ میں محاصرہ اور انسانی تباہی کو جاری رکھنا چاہتا ہے بیان میں امریکا‘اسرائیل اوربین الاقوامی برادری کو غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نسل کشی کے لیے جاری جنگ کے خاتمے اور امداد کے ایک ہزار سے زیادہ ٹرکوں غزہ میں داخل ہونے دیا جائے.