لکی موٹرز نے سپورٹیج کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 3 لاکھ روپے تک کی کمی کر دی

کراچی(این این آئی)پاکستان کی معروف کار ساز کمپنی لکی موٹرز نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں بھاری کمی کا اعلان کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق لکی موٹرز کی جانب سے مشہور زمانہ گاڑی کیاسپورٹیج کی قیمت میں 3 لاکھ روپے تک کی کمی کا اعلان کیا گیاہے ،نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پرہوگا۔کمپنی کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ سپورٹیج الفا کی قیمت میں اڑھائی لاکھ روپے کی کمی کر دی گئی ہے ۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2024 میں لکی موٹرز واحد کمپنی ہے جس نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کیا ، سپورٹیج الفا کی قیمت میں اضافہ بھی اڑھائی لاکھ روپے تک ہی کیا گیا تھا ۔تاہم کمپنی نے سپورٹیج ایف ڈبلیو ڈی، اے ڈبلیو ڈی اور لمیٹڈ ایڈیشن کی قیمت میں 3 لاکھ روپے کمی کر دی ہے جس کے بعد سپورٹیج الفا کی نئی قیمت 73 لاکھ ، سپورٹیج ایف ڈبلیو ڈی 77 لاکھ 40 ہزار، سپورٹیج اے ڈبلیو ڈی کی نئی قیمت 84 لاکھ 70 ہزار ہو گی ۔ اس کے علاوہ سپورٹیج کے لمیٹڈ ایڈیشن کی قیمت کم ہونے کے بعد 90 لاکھ روپے ہو گی ۔کمپنی کی جانب سے پکانٹو کی قیمتوں میں کئی ردو بدل نہیں کیا گیاہے ، پکانٹو ایم ٹی 36 لاکھ ، پکانٹو اے ٹی 38 لاکھ 50 ہزار، سٹونک ای ایکس پلس 62 لاکھ 80 روپے پر برقرار رکھی گئیں ہیں ۔