افریقی ملک الجزائر میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا

الجائرز: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) شمالی افریقی ملک الجزائر میں ایک لاکھ سے زائد نمازیوں کی گنجائش والی دنیا کی تیسری بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے گزشتہ روز دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی جامع مسجد کا باضابطہ افتتاح کیا، مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔

جامع الجزائر نام کی مسجد کا انفرا سٹریکچر تقریباً 70 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے تاہم یہ رقبہ سعودی عرب میں اسلام کے مقدس ترین مقامات مکہ اور مدینہ منورہ کی مساجد سے کم ہے، مسجد میں دنیا کا بلند ترین مینار جس کی اونچائی 267 میٹر ہے، مینار میں لفٹ اور دیکھنے کیلئے ایک پلیٹ فارم نصب ہے یہاں سے دارالحکومت اور خلیج الجزائر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

مسجد کے اندرونی حصے کو اندلس کے انداز میں لکڑی، سنگ مرمر اور البسٹر سے سجایا گیا ہے، میگا پراجیکٹ پر 800 ملین ڈالر سے زائد لاگت آئی اور اس کی تعمیر میں 7 برس لگے، پہلی مرتبہ اکتوبر 2020ء میں مسجد کو نماز کیلئے کھولا گیا تھا لیکن صدر عبدالمجید تبون جو اس وقت کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے۔