برطانیہ،بہو پر ظلم ڈھانے والے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو قید کی سزا

لندن (این این آئی)برطانوی شہر ہڈرز فیلڈ میں پاکستانی نژاد برطانوی خاندان کے 4 افراد کو بہو امبرین فاطمہ کو جسمانی نقصان پہنچانے کے جرم میں قید کی سزا سنا دی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی خاندان کے 4 افراد کو جرم میں مجرم قرار دینے کے بعد جج جسٹس لیمبرٹ نے ان کی سزا کا فیصلہ سنایا۔جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ امبرین کے شوہر 31 سالہ اصغر شیخ، ان کے والد 55 سالہ خالد شیخ اور ان کی والدہ 52 سالہ شبنم شیخ کو 7 سال اور 9 ماہ قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ اصغر شیخ کے بھائی 25 سالہ سکلائن شیخ اور بہن 29 سالہ شگوفہ شیخ کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ انہیں وہ فوری طور پر جیل نہیں جائیں گے، اس کے بجائے انہیں دو سال کے لیے کچھ اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ اگر وہ قوانین پر عمل کرتے ہیں تو سکلائن کو 6 ماہ اور شگوفہ کو 18 ماہ کے لیے جیل نہیں جانا پڑے گا لیکن اگر دونوں 2 سال کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو بھائی کو 6 ماہ اور بہن کو 18 ماہ جیل میں گزارنا پڑ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ 19 دسمبر 2023 کو امبرین فاطمہ کے شوہر اصغر شیخ (30 سال)، سسر خالد شیخ (55 سال)، ساس شبنم شیخ (53 سال)اور 29 سالہ بھابھی شگفتہ شیخ کو عدالت نے سماعت کے بعد قصور وار قرار دیا تھا۔