سعودی عرب کا جنوبی کوریا سے ائیر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا معاہدہ

ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے جنوبی کوریا سے فضائی دفاعی نظام کی خریداری کامعاہدہ کرلیا، معاہدے کے تحت سعودی عرب، جنوبی کوریا سے 3 ارب ڈالر مالیت کی 10 بیٹریاں خریدے گا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو کی سائیڈ لائن پر سعودی وزیر دفاع اور ان کی جنوبی کورین ہم منصب کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے ڈیفنس اکیوزیشن پروگرام ایگریمنٹ(ڈاپا) کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

یادداشت نامے پر دستخط کے تقریب کے موقع پر جنوبی کورین وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ ہماری دفاعی فرم ایل آئی نیکس ون سعودی عرب کو زمین سے فضا میں مار کرنے والا مڈ رینج ائیر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گی۔اس موقع پر ڈاپا کے ڈائریکٹر ای اون ڈونگ ہوان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ یادداشت نامہ دونوں ممالک کے درمیان میں مستقبل میں اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گا اور دفاع کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔